فرنچ اوپن2013 ءرافیل نڈال نے نئی تاریخ رقم کر دی

محمد معین
سپین کے شہرہ آ فاق ٹینس سٹار رافیل نڈال نے 8 ویں بار فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ رافیل نڈال نے ٹورنامنٹ میں تمام نامور کھلاڑیوں کو شکست سے دوچار کیا۔ کواٹر فائنل میں واروینکا کو چھ دو‘ چھ تین اور چھ ایک سے شکست دی‘ سیمی فائنل میں سربیا کے سٹار نومک ڈجکووچ کو سخت مقابلے کے بعد شکست سے دوچار کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان یہ مقابلہ تقریباً 5 گھنٹے تک جاری رہا۔ ہسپانوی سٹار نے سربین سٹار کو چار چھ‘ چھ تین‘ ایک چھ‘ سات تین اور نو سات کے سکور سے ہرا دیا۔ فائنل میں ان کا جوڑ ہم وطن ڈیوڈ فیرر سے پڑا جنہوں نے سیمی فائنل میں فرانس کے جو ویلفرائیڈ تسونگا کو چھ ایک‘ سات تین اور چھ دو سے ہرایا تھا۔ فائنل میں رافیل نڈال کو زیادہ مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑا اور مقابلہ یکطرفہ ثابت ہوا۔ انہوں نے چھ تین‘ چھ دو اور چھ تین سے کامیابی سمیٹ کر تاریخ رقم کر دی۔
ویمنز کے سنگل مقابلوں نے امریکی سرینا ولیمز نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے فائنل میں روسی حسینہ شراپووا کو چھ چر چھ چار سے شکست دی۔ سرینا ولیمز نے سیمی فائنل میں اطالوی کھلاڑی سیرار ایرانی کو چھ صفر اور چھ ایک سے ہرایا تھا۔
ماریہ شرا پودا نے سیمی فائنل میں سربیا کی وکٹوریہ آزارنیکا کو چھ ایک‘ دو چھ اور چھ چار سے زیر کیا تھا۔ مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں امریکی برائن برادرز مائیک برائن اور بوب برائن نے کامیابی سمیٹی۔ انہوں نے فائنل میں لوڈرا اور ماہوت کی جوڑی کو چھ چار‘ چار چھ‘ اور سات چار کے سکور سے شکست دی۔ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں میکاروا اور ویزیننا نے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انہوں نے فائنل میں سیرا ایرانی اور رابرٹو وینسی کی جوڑی کو سات پانچ اور چھ دو سے شکست دی۔
پاکستان سٹار اعصام الحق نے بھی ٹورنامنٹ کے مینز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں شرکت کی اور خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے تاہم مکسڈ ڈبلز میں بہتر کارکردگی دکھائی۔
مکسڈ ڈبلز میں اعصام الحق اور بلیک کارلا کی جوڑی نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں انہیں سات پانچ اور سات تین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مردوں کے ڈبلز مقابلوں میں اعصام الحق اور جین جولین راجر کی جوڑی نے تیسرے راﺅنڈ تک رسائی حاصل کی جہاں انہیں پی کوئیورس اور ایچ زیبالوس کی جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد پانچ سات‘ چھ تین اور سات پانچ کے سکور سے شکست دی۔
رافیل نڈال نے فرنچ اوپن کا تاج سر پر سجانے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں بہت سے خواب دیکھے تھے آٹھویں بار فرنچ اوپن جیتنے کا خواب بھی پورا ہوگیا ہے۔ یہ میرے لئے بہت خاص لمحات میں جن کے بارے میں کچھ بیان بھی نہیں کر سکتا۔ جب گزشتہ برس ان فٹ ہوا تو معلوم نہیں تھا کہ ٹینس کورٹ میں کب واپسی ہوگی مگر امسال فروری میں واپسی ہوئی اور قسمت نے ساتھ دیا اور کامیابیاں مقدر بنتی جا رہی ہیں۔ فروری سے لیکر اب تک 8 ٹورنامنٹ میں شرکت کی ہے اور 7 میں ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ انجری کا وقت میرے لئے بڑا کٹھن تھا اور فارغ بیٹھنا میرے لئے بہت مشکل تھا۔ مجموعی طور پر 12 گرینڈ سلام ٹائٹل اپنے نام کر چکا ہوں۔ 7 راجر فیڈرر نے 17 اور پیٹ سمپراس نے 14 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتے ہیں۔ پیرس میں 59 میچوں میں شرکت کی ہے جس میں سے صرف ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ 2009ءمیں فرنچ اوپن کے چوتھے راﺅنڈ میں روبن سوڈرلنگ نے ہرایا تھا۔ یہ تمام چیزیں بچپن میں ٹیلی ویژن پر دیکھا کرتا تھا۔ خواب دیکھا کرتا تھا کہ کبھی میں بھی کارنامہ سرانجام دوں گا دنیا دیکھ رہی ہے نڈال کو خوابوں کی تعبیر مل رہی ہے۔ خواب حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں۔ فرنچ اوپن کے فائنل میں ایک ناخوشگوار واقعہ بھی نہیں آیا۔ 2 مظاہرین میچ کے دوران کورٹ میں گھس آئے مگر سیکورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کر کے دونوں کو حراست میں لے لیا۔ بعد ازاں دونوں نے اعتراف کیا کہ وہ رافیل نڈال کے مداح تھے۔