قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ :فیصل آباد نے لاہور بلیوز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ :فیصل آباد نے لاہور بلیوز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے تیسرے روز کھیلے جانے والے پہلے میچ میں فیصل آباد ریجن نے لاہور بلیوز کو سات وکٹوں سے ہرا دیا۔ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز فیصل آباد نے ٹاس جیت کر لاہور بلیوز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ لاہور بلیوز ٹیم نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 187 رنز بنائے۔ نمایاں کھلاڑیوں میں امام الحق نے 50، بابر اعظم نے 45 اور حسین طلعت نے 43 رنز بنائے۔ فیصل آباد کی جانب سے باولنگ میں سعید اجمل نے تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ 188 رنز کا ہدف فیصل آباد ریجن نے 18.1 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنا کر حاصل کر لیا۔ صہیب مقصود نے ناقابل شکست 80 جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 58 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود کو آخر میں مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔