قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش چلی گئی‘ ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے حکمت عملی تیار

قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش چلی گئی‘ ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے حکمت عملی تیار

لاہور(نیوز ایجنسیاں)پاکستان کرکٹ ٹیم  ورلڈ ٹی ٹونٹی میں شرکت کیلئے  بنگلہ دیش چلی گئی۔ قومی ٹیم   جمعہ کی علی الصبح تین بجے  براستہ دبئی روانہ ہوئی ۔ ٹیم میں محمد حفیظ (کپتان)، شرجیل خان، احمد شہزاد، کامران اکمل(وکٹ کیپر)، عمراکمل، صہیب مقصود، شاہد آفریدی، عمرگل، جنید خان، شعیب ملک، بلاول بھٹی، سعید اجمل، سہیل تنویر، محمد طلحہ اور ذوالفقار بابرشامل ہیں۔ٹیم پہلا میچ بھارت کیخلاف 21مارچ کو کھیلے گی۔وارم اپ نیوزی لینڈ کیخلاف 17مارچ جبکہ جنوبی افریقا کیخلاف19 مارچ کو ہوگا۔انتظامیہ نے ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ، اوپنر شر جیل کو ابتدائی میچوں میں ٹیم میں جگہ نہیں ملے گی۔ اننگز کا آغاز احمد شہزاد کیساتھ کامران کرینگے۔  حفیظ ون ڈائون کھیلیں گے۔عمر اکمل چوتھے‘شعیب ملک پانچویں اور صہیب مقصود چھٹے‘ آفریدی ساتویں نمبر پر آئیں گے۔جہاں بڑی پارٹنرشپ لگے گی۔ بیٹنگ میں  آفریدی کو پروموٹ کردیا جائے گا تاکہ وہ  بڑ سکور بنانے میں مدد دے سکیں۔ آفریدی کی فارم کو دیکھتے ہوئے ان کی بیٹنگ سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔