ون ڈے سیریز: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

دبئی ( آن لائن )پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغازآج سے دبئی میں ہو رہا ہے،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلا ون ڈے جمعے کی شام چار بجے کھیلا جائے گا۔میچ ڈے اینڈ نائٹ ہو گا۔ کپتان سرفراز کہتے ہیں کہ ون ڈے سیریز کیلئے نئے کھلاڑیوں نے جوائن کر لیا ہے، امید ہے اچھے نتائج دیں گے۔ون ڈے اسکواڈ بھرپور ٹریننگ میں مصروف ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چجٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے،کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ وہ شکست بھلا کر نئے سرے سے میدان میں اتریں گے۔ٹیم سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی سری لنکن ٹیم بھی خاصی متوازن نظر آرہی ہے،اچھے مقابلے ہوں گے، ہمارے پاس آئی لینڈرز کو قابو کرنے کے لیے پیسرز کیساتھ اسپن بولنگ میں بھی اچھے آپشن ہیں، حسن علی اور شاداب خان سمیت کھلاڑی چیمپئنز ٹرافی کی کارکردگی دہرانے کے لیے بیتاب ہیںجمعرات کے روزدبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد پہلی سیریز کھیل رہے ہیں جب کہ تمام کھلاڑی کارکردگی کا معیار برقرار رکھنے کے لیے بھرپور جوش اور جذبہ رکھتے ہیں۔پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کےلئے سری لنکا کےخلاف سیریز لازمی جیتنا ہوگی جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرسکتی ہے۔ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی غیرمتوقع شکست اور چھٹی پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد پاکستان آج سے شروع ہونے والی سیریز میں اپنی رینکنگ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔سیریز 3-2 سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 93 اور سری لنکا کے 88 ہو جائیں گے جبکہ 4-1 یا 5-0 سے کلین سوئپ شکست کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس 91 اور سری لنکا کے 89 ہو جائیں گے۔بنگلہ دیش اگر تین میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتا تو پاکستان ساتویں پوزیشن پر آجائےگا جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کرکے جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔ دوسری جانب قومی کرکٹرز کی دبئی میں ٹریننگ جاری ہے، فخر زمان، احمد شہزاد، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم، جنید خان سمیت دیگر کھلاڑیوں نے آئی سی سی اکیڈمی میں فل سوئنگ سیشن کیا۔کھلاڑیوں نے فیلڈنگ ڈرلز کی جبکہ پاوورہٹنگ بیٹنگ پریکٹس بھی کی جارہی ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ 16 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، تیسرا میچ 18 اکتوبر کو ابوظہبی میں کھیلا جائیگا، چوتھا میچ 20 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا جبکہ پانچواں اور آخری ون ڈے کرکٹ میچ 23 اکتوبر کو شارجہ میں کھیلا جائیگا۔