پاکستان کا سری لنکا کےخلاف ون ڈے میچز میں 85 فتوحات کےساتھ پلڑا بھاری

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان کا سری لنکا کے خلاف اب تک کھیلے گئے باہمی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچز میں 85 فتوحات کے ساتھ پلڑا بھاری ہے، سری لنکن ٹیم 58 میں فتح یاب رہی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 1975ءسے اب تک مجموعی طور پر 148 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں گرین شرٹس کا 85 کامیابیوں کے ساتھ پلڑا بھاری ہے جبکہ سری لنکن ٹیم 58 میں کامیاب رہی، ایک میچ ٹائی ہوا جبکہ چار میچ بے نتیجہ رہے۔ دونوں ٹیمیں پہلی بار 1975ءمیں نوٹنگھم کے مقام پر مدمقابل ہوئیں تھیں جس میں پاکستانی ٹیم 192 رنز کے واضح مارجن سے فتح یاب ٹھہری تھی، رواں سال 12 جون کو آخری بار دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا ہوا تھا جس میں گرین شرٹس تین وکٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔