ایشیا ہاکی کپ ،پاکستان اپنا دوسرا میچ آج جاپان کے خلاف کھیلے گا

دھاکہ (این این آئی)10 ویں ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان اپنا دوسرا میچ (آج) جمعہ کو جاپان کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنے روایتی حریف بھارت کے خلاف 15 اکتوبر کو مدمقابل ہوگی۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں پاکستان، ملائیشیا، بھارت، چین، جنوبی کوریا، جاپان، عمان اور میزبان بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گرپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں بھارت، پاکستان، جاپان اور بنگلہ دیش جبکہ گروپ بی میں ملائیشیا، کوریا، چین اور عمان شامل ہیں، قومی ٹیم میں کپتان محمد عرفان، نائب کپتان رضوان سینئر جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مظہر عباس، امجد علی، عاطف مشتاق، مبشر علی، عماد شکیل بٹ، ابوبکرمحمود، تصور عباس، راشد محمود، رضوان جونیئر، ارسلان قادر، اظفر یعقوب، عمر بھٹہ، علی شان، محمد عتیق، وقاص اکبر اور اعجاز احمد شامل ہیں۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 22 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔