پاکستان سپورٹس بورڈ کافٹبال فیڈریشن پر فیفا کی پابندی کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے فیفا کی جانب سے پاکستان فٹبال فیڈریشن پر پابندی عائد کیئے جانے سے پیدا شدہ صورتحال کو شرمناک قراردیتے ہوئے پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ اس معاملہ کو حل کرنے کےلئے ملکی قانون اور فیفا کے قوائد و ضوابط کو مد نظررکھتے ہوئے ماہرین اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے پائیدار حل تلاش کیا جائے۔ جمعرات کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ امجد علی خان، ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا، ڈائریکٹر جنرل پاکستان سپو رٹس بورڈ، فیاض الحق ڈپٹی سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ اور عرفان اللہ خان، لیگل ایڈوائزر نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیفا کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن پر تفصیلی بحث کی گئی اور اس کے متعلق دستیاب قانونی پہلوﺅں پر غور کیا گیا۔