راجر فیڈرر، نڈال شنگھائی ماسٹرز ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

شنگھائی (اے پی پی) راجر فیڈرر اور رافیل نڈال فتوحات برقرار رکھتے ہوئے شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ فیڈرر نے ڈولگو پولوف جبکہ نڈال نے فوگنینی کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ چین میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنلز میں شہرہ آفاق سوئس سٹار اور ریکارڈ 19 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن راجر فیڈرر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف یوکرینی کھلاڑی الیگزینڈر ڈولگو پولوف کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ دوسرے پری کوارٹر فائنل میں اسپینش سٹار نڈال نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے حریف اٹالین کھلاڑی فابیو فوگنینی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-1 سے زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔