پشاور زلمی نے ڈاکٹر ظفر اقبال کی بطور میڈیکل ایڈوائزر خدمات حاصل کر لی
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پشاور زلمی نے ڈاکٹر اینڈ فزیو ڈاکٹر ظفر اقبال کی بطور میڈیکل ایڈوائزر خدمات حاصل کر لی ہیں۔ انگلش فٹبال کلبز لیور پول میں چار سال سے زائد فرسٹ ٹیم ڈاکٹر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دینے والے ڈاکٹر ظفر اقبال شہرہ آفاق فٹبالرز لوئس سواریز، سٹیون جیراڈ، اینڈی کورل، فرنینڈ ٹورس کے ساتھ کام کرنیوالے ڈاکٹر ظفر اقبال زلمی کی تمام ٹیموں اور کھلاڑیوں کے میڈیکل ایڈاوئزر ہوں گے۔ جن میں پشاور زلمی، بینونی زلمی اور گلوبل زلمی شامل ہیں۔ ڈاکٹر ظفر اقبال نے اگست 2010ء سے جنوری 2015ء تک لیور پول فٹبال کلب کے ساتھ فرسٹ ٹیم ڈاکٹر کی حیثیت سے کام کیا۔ اس کے بعد وہ کرسٹل پیلس فٹبال کلب سے جولائی 2015ءسے وابستہ ہیں۔ پشاور زلمی اور بینونی زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے ڈاکٹر ظفر اقبال کو زلمی فیملی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ورلڈ کلاس کلبز اور کھلاڑیوں کے ساتھ کام کرنیوالے ڈاکٹر ظفر اقبال زلمی ٹیمز کے لیے اثاثہ اور ہمارے کھلاڑیوں کی فٹنس اور کارکردگی میں اضافے کا باعث بنیں گے۔