پاکستان اور سری لنکا کے مابین پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج جمعہ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے مابین پانچ ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج جمعہ کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ آج ہونے والے پہلا ون ڈے میچ سرفراز احمد کی کپتانی کا دوسرا میچ ہوگا۔ اس سے قبل پاکستان کی ٹیم سرفراز احمد کی کپتانی میں سر ی لنکا کے خلاف ایک ون ڈے میچ کھیلی جس میں کامیابی پاکستان ٹیم کا مقدر بنی۔دوسری جانب ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین ون ڈے سیریز کا آغاز آج ہوگا۔ پاکستان کو ون ڈے رینکنگ میں چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کیلئے سری لنکا کیخلاف سیریز لازمی جیتنا ہوگی ۔چیمپیئنز ٹرافی میں عمدہ کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم ورلڈ کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے کی خفت سے بچنے میں تو کامیاب رہی لیکن اب سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستان کو چھٹی پوزیشن کو برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی غیرمتوقع شکست اور چھٹی پوزیشن سے محروم ہونے کے بعد پاکستان آج سے شروع ہونے والی سیریز میں اپنی رینکنگ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔عالمی درجہ بندی میں پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 94 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور سری لنکا 86 پوائنس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔اگر پاکستانی ٹیم پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کیخلاف کلین سوئپ کرتی ہے تو بھی وہ چھٹے نمبر پر ہی موجود رہے گی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 99 ہو جائے گی۔سیریز میں 4-1 سے کامیابی کی صورت میں بھی قومی ٹیم کی پوزیشن برقرار رہے گی اور اس کے پوائنٹس 97 ہو جائیں گے جبکہ 3-2 سے فتح قومی ٹیم کے پوائنٹس 95 ہی رہیں گے۔سیریز 3-2سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 93 اور سری لنکا کے 88 ہو جائیں گے جبکہ 4-1 یا 5-0 سے کلین سوئپ شکست کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس 91 اور سری لنکا کے 89 ہو جائیں گے۔سری لنکا نے اگر 4-1 سے سیریز جیتی تو پاکستان ساتویں نمبرپرچلا جائیگا البتہ سری لنکا کی 3-2سے کامیابی پر رینکنگ کا انحصار بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے نتائج پر ہوگا۔بنگلہ دیش اگر تین میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتا تو پاکستان ساتویں پوزیشن پر آجائیگا جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کرکے جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔