پاکستان نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کو سیریز کھیلنے کی تجویز دیدی

پاکستان نے جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کو سیریز کھیلنے کی تجویز دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)ساوتھ افریقہ کی گلوبل ٹی ٹوئنٹی ملتوی ہونے کے بعدساوتھ افریقہ کرکٹ ٹیم کی ونڈو خالی ہے اور کوئی مصروفیت نہ ہونے کی وجہ سے ہی پاکستان اور ساوتھ افریقہ کرکٹ ٹیموں کے درمیان سیریز کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔اس حوالے سے پی سی بی اور کرکٹ ساوتھ افریقہ کے درمیان آکلینڈ میں آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ابتدائی بات چیت ہو ئی ہے۔ پی سی بی نے ساوتھ افریقہ کو یہ سیریز پاکستان میں بھی کھیلنے کی دعوت دی ہے۔ساوتھ افریقہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ اپنے اجلاس میں کرے گا۔ امکان یہی ہے کہ یہ سیریز نومبر اور دسمبر میں ساوتھ افریقہ میں کھیلی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نجم سیٹھی کی کرکٹ سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ حکام سے بھی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔آکلینڈ میں ہونے والے آئی سی سی کے اجلاس میں جائلز کلارک اور آئی سی سی کے سکیورٹی کے نمائندے نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے دوران سکیورٹی معاملات پر بریفنگ دی جسے اجلاس میں سراہا گیا ہے۔امکان ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور کرکٹ جنوبی افریقہ کے حکام آئندہ ہفتے اس سلسلہ میں ملاقات کرینگے ۔