ون ڈے سیریز ،پاکستان ، سری لنکا آج مدمقابل ، ٹرافی کی تقریب رونمائی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا میچ آج متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے شروع ہوگا۔یہ میچ سری لنکا کیخلاف سرفراز احمد کی کپتانی کا دوسرا میچ ہوگا۔گزشتہ روز کھلاڑیوں نے بھر پور پریکٹس کی ۔ کوچز کی زیر نگرانی باﺅلنگ ‘بیٹنگ کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ کی بھی پریکٹس کی۔ کوچز نے بلے بازوں کو بڑے شارٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ باﺅلرز کو لائن اینڈ لینتھ کی ٹریننگ کرائی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی ہوئی جس میں دونوں کپتانوں کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ نے بھی شرکت کی۔سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں نے بھی پریکٹس سیشن میں حصہ لیا اور ورزش کے ساتھ ساتھ باﺅلنگ ‘فیلڈنگ اور بیٹنگ پریکٹس کی ۔ پہلے میچ کیلئے پاکستان نے پلیئنگ الیون کا انتخاب کرلیا ۔ امام الحق، حارث سہیل،فہیم اشرف اور عثمان شنواری کو باہر بیٹھنا پڑےگا۔ کھلاڑیوں میں سرفراز احمد(کپتان)، فخرزمان،احمد شہزاد، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، حسن علی، جیند خان، رومان رئیس اور شاداب خان شامل ہیں۔ ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم پاکستانی ٹیم کو ون ڈے میں چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کےلئے سیریز لازمی جیتنا ہوگی ۔عالمی درجہ بندی میں پاکستان 95 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، بنگلہ دیش 94 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں اور سری لنکا 86 پوائنس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔اگر پاکستانی ٹیم پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں سری لنکا کیخلاف کلین سوئپ کرتی ہے تو بھی وہ چھٹے نمبر پر ہی موجود رہےگی اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 99 ہو جائےگی۔سیریز میں 4-1 سے کامیابی کی صورت میں بھی قومی ٹیم کی پوزیشن برقرار رہے گی اور اس کے پوائنٹس 97 ہو جائیں گے جبکہ 3-2 سے فتح قومی ٹیم کے پوائنٹس 95 ہی رہیں گے۔سیریز 3-2سے ہارنے کی صورت میں پاکستان کے پوائنٹس 93 اور سری لنکا کے 88 ہو جائیں گے جبکہ 4-1 یا 5-0 سے کلین سوئپ شکست کے نتیجے میں پاکستان کے پوائنٹس 91 اور سری لنکا کے 89 ہو جائیں گے۔سری لنکا نے اگر 4-1 سے سیریز جیتی تو پاکستان ساتویں نمبرپرچلا جائےگا۔البتہ سری لنکا کی 3-2سے کامیابی پر رینکنگ کا انحصار بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے نتائج پر ہوگا۔بنگلہ دیش اگر تین میچوں کی سیریز کا ایک بھی میچ جیتا تو پاکستان ساتویں پوزیشن پر آجائےگا جبکہ بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ کرکے جنوبی افریقہ ون ڈے رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن پر آسکتا ہے۔