ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی

لاہور (نمائندہ سپورٹس) کرکٹ ورلڈ کپ پول بی کے میچ میں جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو 146 رنز سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 341 رنز بنائے۔ پروٹیز کی جانب سے کپتان اے بی ڈیویلئرز 99، فرحان بہار دین 64 اور ڈیوڈ ملر 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ریلے روسو 43، ہاشم آملہ 12، ڈی کوک 26، جے پی ڈومنی 23 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ یو اے ای کے محمد نوید نے 3، کامران شہزاد، امجد جاوید اور محمد توقیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 341 کے جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 47.3 اوورز میں 195 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ متحدہ عرب امارت کی جانب سے سواپنی پٹیل نے عمدہ بیٹنگ کی اور 100 گیندوں میں 57 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شیمان انور نے اچھا کھیل پیش کیا اور 64 گیندوں میں 39 رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے فلینڈر، مورکل اور ڈی ویلئیرز نے دو دو جبکہ سٹین، ڈومینی اور عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اے بی ڈی ویلئیرز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔