میرا کوہلی سے موازنہ درست نہیں‘ شعیب اختر اپنے گریبان میں جھانکیں: عمر اکمل

میرا کوہلی سے موازنہ درست نہیں‘ شعیب اختر اپنے گریبان میں جھانکیں: عمر اکمل

ایڈیلیڈ(سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل اس بات کو حقیقت پسندی نہیں سمجھتے کہ دنیا ان کا موازنہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی سے کرتی ہے لیکن وہ یہ نہیں دیکھتی کہ یہ دونوں بیٹسمین کس نمبر پر بیٹنگ کررہے ہیں۔ کوہلی سے میرا موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔ یہ موازنہ اسی وقت ہو سکتا ہے جب میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کروں یا کوہلی میرے نمبر پر بیٹنگ کریں۔ عمر اکمل تسلیم کرتے ہیں کہ اس عالمی کپ میں وہ کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔میں اپنے کوچز کے ساتھ سخت محنت کر رہا ہوں اور میری کوشش ہے کہ میں اپنی اننگز کو بڑے سکور میں تبدیل کر سکوں۔ میں چاہوں گا کہ آنے والے میچوں میں بڑا سکور کر سکوں۔عمر اکمل پر ایک اور اعتراض یہ بھی ہوتا ہے کہ وہ کیچ ڈراپ کرتے ہیں جس پر وہ یہ یاد دلاتے ہیں کہ وہ ریگولر وکٹ کیپر نہیں ہیں۔ بیٹنگ کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ آسان نہیں ہے۔عمراکمل سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ کرکٹ پر بات کریں ذاتی زندگی کو مت اچھالیں۔ شعیب اختر بھارتی چینلوں پر بیٹھ کر پاکستانی کرکٹرز کی نقلیں اتار رہے ہیں جو مناسب نہیں ہے۔ وہ کرکٹ پر تنقید کریں ذاتیات پر نہیں۔وہ میری وکٹ کیپنگ پر تنقید کرتے ہیں، انھیں یہ بھی معلوم ہوناچاہیے کہ جب میں وکٹ کیپر نہیں ہوتا تو میری فیلڈنگ کیسی ہوتی ہے۔ شعیب اختر خود کتنے اچھے فیلڈر تھے یہ سب کو معلوم ہے۔ پہلے وہ اپنے گریبان میں جھانکیں۔