خواہش ہے ورلڈ کپ جیتیں: جب تک دم ہے ریٹائر نہیں ہوں گا: یونس خان

خواہش ہے ورلڈ کپ جیتیں: جب تک دم ہے ریٹائر نہیں ہوں گا: یونس خان

ایڈیلیڈ(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ ان کا ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں۔ جب وہ سمجھیں گے کہ ان کا جسم ان کا ساتھ نہیں دے رہا تو وہ خود ہی ریٹائر ہو جائیں گے۔ یہ سمجھ کر کرکٹ کھیلتا ہوں کہ ٹیم میں اسی کو شامل ہونا چاہیے جو اچھا کھیلے۔ڈراپ ہونے پر تکلیف ہونا خود میرے لیے ہی نقصان دہ ہے، میری سوچ یہ ہے کہ پاکستان ٹیم جیتے، چاہے میں کھیلوں یا نہ کھیلوں۔یونس خان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بتانے سے تو قاصر ہیں کہ بیٹسمین کیوں پرفارم نہیں کر سکے لیکن وہ دیکھ رہے ہیں کہ ٹیم محنت کر رہی ہے اور آگے جا کر پرفارم کرے گی۔ ٹیم ہر میچ کو آخری سمجھ کر کھیل رہی ہے اور ان کی بھرپور کوشش ہے کہ آئرلینڈ کوشکست دے کر کوارٹر فائنل کھیلیں اور پھر سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچ کر ورلڈ کپ جیتیں۔جہاں تک انضمام جیسے بلے بازوں کا سوال ہے تو ’ٹیم میںبالکل ایسے بیٹسمین موجود ہیں جو کہ میچ والے دن اچھا کھیل کر ٹیم کو جیتا سکتے ہیں۔احمد شہزاد کی شکل میں، عمر اکمل اور حارث سہیل کی شکل میں اور دیکھیے کچھ میچوں میں تو انضمام بھی پرفارم نہیں کر پائے تھے۔