سری لنکا کیخلاف پہلے ون ڈے کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے رواں ماہ سری لنکا کے خلاف تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ 2007ء میں ڈومیسٹک کرکٹ میں آنے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز عمر امین قائداعظم ٹرافی میں 245 رنز کی اننگز کھیلنے کی وجہ سے پہلی مرتبہ قومی سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز تین گھنٹے تک چیئرمین عبدالقادر کی زیر صدارت منعقد ہوا اس موقع پر کمیٹی کے دیگر ممبران شعیب محمد اور سلیم جعفر بھی موجود تھے۔ تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد صرف ایک میچ کیلئے ٹیم کا اعلان ہوسکا۔ ابوظہبی سیریز میں قومی ٹیم کا حصہ بننے والے فواد عالم، عبدالروف اور خالد لطیف سلیکشن کمیٹی کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 21 جنوری کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا۔ کراچی کے ایک روزہ میچ کیلئے جن 15 کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا ہے ان میں شعیب ملک (کپتان)، مصباح الحق(نائب کپتان)، سلمان بٹ، یونس خان، شاہد آفریدی، کامران اکمل(وکٹ کیپر)، سہیل تنویر، شعیب اختر، عمر گل، راو افتخار، سعید اجمل، خرم منظور، سہیل خان، یاسر عرفات اور عمر امین شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق فواد عالم اور یاسر عرفات میں سے ایک کھلاڑی کو موقع دیا جانا تھا لہذا سلیکشن کمیٹی نے یاسر عرفات کے حق میں بہتر جانا۔ یاسر عرفات اپنے نو سالہ کیرئیر میں صرف 8 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز اور ایک ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے۔ قومی سکواڈ میں پانچ فاسٹ باولر، ایک سپنر، تین آل راونڈر اور چھ بلے باز شامل ہیں۔ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے مہمان سری لنکن ٹیم پاکستان کے دورے پر 18 جنوری کراچی پہنچے گی۔