اپنے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کا پول کھولوں گا: محمد آصف

لاہور (سپورٹس رپورٹر) معزول قومی فاسٹ بائولر محمد آصف نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں اپنے ساتھ ہونے والی پی سی بی کے عہدیداروں کی زیادتیوں کا ذکر کرینگے اور اس ضمن میں باقاعدہ ایک پریس کانفرنس کرینگے جس میں وہ پی سی بی کے عہدیداروں کے پول کھولیں گے۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ دو سال سے میرے ساتھ پی سی بی کا رویہ اچھا نہیں رہا ہے اور مسلسل زیادتیاں ہو رہی ہیں بورڈ کی نئی انتظامیہ سے بہت امیدیں وابستہ تھیں کہ وہ میری مدد کرینگے لیکن ایسا کچھ نہیں کیا گیا صرف تسلیوں سے کام لیا جاتا رہا ہے۔ محمد آصف نے کہا کہ جب ہم بورڈ کیلئے کھیلتے ہیں تو بورڈ کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دے۔ آج جو کچھ میرے ساتھ ہو رہا ہے کل کسی دوسرے قومی ہیرو کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد آصف نے بتایا کہ پی سی بی کی طرف انہیں دبئی کیس پر آنے والے اخراجات کی وصولی کیلئے کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا ہے۔ آئندہ ایک دو روز میں پریس کانفرنس کرونگا جس میں میرے ساتھ زیادتیاں کرنے والے تمام افراد کا پول کھولوں گا۔ دوسری طرف آئی پی ایل ڈرگ ٹربیونل نے قومی فاسٹ بائولر کے کیس کیلئے انکوائری کا آغاز کیا جس کی سماعت رواں ماہ کی 24 تاریخ کو ہونا ہے۔