پینٹینگولر کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہو گا افتتاحی میچ میں پنجاب سٹالینز اور فیڈرل ایریا لیپرڈز آمنے سامنے ہوں گے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈومیسٹک پینٹینگولر کپ ون ڈے ٹورنامنٹ آج سے شروع ہو گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام ہونے والے اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پنجاب سٹالینز اور فیڈرل ایریا لیپرڈز کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ ری شیڈول ہونے کے بعد تمام میچز کو دن کی روشنی میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی 11 میچ کھیلے جائیں گے افتتاحی میچ کے علاوہ بقیہ دس میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ آج کھیلے جانے والے پہلے میچ میں پنجاب سٹالینز ٹیم کی قیادت قومی ٹیم کے کپتان شعیب ملک انجام دیں گے جبکہ فیڈرل ایریا کی ٹیم کی کمان فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو سونپی گئی ہے۔ قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالقادر نے ٹورنامنٹ کی پانچویں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے۔ فیڈرل ایریا لیپرڈز کی ٹیم کی قیادت شعیب اختر کریں گے۔ رائو افتخار انجم ان کے نائب ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں راحیل مجید‘ عمیر خان‘ بابر نعیم‘ عمر امین‘ عثمان سعید‘ بازید خان‘ یاسر عرفات‘ سہیل تنویر‘ سعید اجمل‘ آفاق رحیم‘ فیاض احمد‘ عماد وسیم‘ نعیم انجم (وکٹ کیپر)‘ ریزرو کھلاڑیوں میں محمد سلمان اور عقیل احمد شامل ہیں۔ پنجاب سٹالینز کی ٹیم کی قیادت شعیب ملک انجام دینگے جبکہ سلمان بٹ ان کے نائب ہوں گے۔ پنجاب سٹالین کے دیگر کھلاڑیوں میں ناصر جمشید‘ اظہر علی‘ احمد شہزاد‘ عمر اکمل‘ عدنان رضا‘ منصور امجد‘ محمد طلحہ‘ جنید ضیائ‘ وہاب ریاض‘ عبدالرحمان‘ سرفراز احمد‘ کامران یونس‘ کامران اکمل (وکٹ کیپر)‘ ریزرو کھلاڑیوں میں عدنان اکمل اور سہیل احمد شامل ہیں۔ پنجاب سٹالینز اور فیڈرل ایریا لیپرڈز کی ٹیموں کے درمیان میچ میں ندیم غوری اور افتخار ملک امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ خالد نیازی میچ ریفری ہوں گے۔