موجودہ حالات میں کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان نہیں کرنا چاہئے: بھارتی وزیر کھیل

ممبئی (نیٹ نیوز) بھارت کے وزیر کھیل ایم ایس گل نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا دورہ نہیں کرنا چاہئے۔ ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات کشیدہ ہیں اور اس کا اثر پاکستان بھارت کرکٹ سیریز پر بھی پڑ سکتا ہے۔ بھارت کو تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے تاہم بھارتی حکومت نے ٹیم کو دورے کے حوالے سے ابھی تک کلیئرنس نہیں دی ہے۔ بھارتی وزیر کھیل منوہر سنگھ گل کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے ثبوت سامنے آنے کے بعد کرکٹ ٹیموں کو وہاں کا دورہ نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حق میں نہیں ہیں لیکن حتمی فیصلہ حکومت کو کرنا ہے۔ موجودہ کشیدہ صورتحال میں بھارتی وزیر کھیل کا بیان پاک بھارت سیریز کیلئے کسی دھچکے سے کم نہیں۔ گذشتہ روز بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان موجود تناؤ میں سیریز کا انعقاد ناممکن ہے۔