جونیئر ویمن ایشیا کپ: پاکستان آج تھائی لینڈ کیخلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر ویمن ہاکی ٹیم چھٹے جونیئر ویمن ایشیا کپ میں آج تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے ٹورنامنٹ کا آغاز کرے گی۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان، جاپان، میزبان ملائیشیا، چین اور تھائی لینڈ گروپ اے میں جبکہ گروپ بی میں کوریا، بھارت، سنگاپور اور چائنیز تائپے شامل ہیں۔ 18 رکنی قومی ٹیم 10 دسمبر کو ملائیشیا پہنچی تھی۔ انڈر 21 جونیئر ہاکی ٹیم پہلا میچ 13 دسمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ 14 دسمبر کو اس کا میچ جاپان کے خلاف ہو گا۔ دو روز کے وقفہ کے بعد پاکستان ٹیم تیسرا میچ 17 دسمبر کو میزبان ملائیشیا جبکہ چوتھا میچ 18 دسمبر کو چین کے خلاف کھیلے گی۔ 18 رکنی قومی ٹیم کی قیادت سحرش گھمن کر رہی ہیں جبکہ نادیہ کاظم انکی نائب ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں زیب النسا، منیزہ ارم، ذکیہ نواز، شاہدہ غلام، عاصمہ اشرف، نین تارا، ممتاز ملک، حنا کنول، نازیہ رحمت، مقدس اکبر، گلشن طاہرہ، عائشہ بشیر، بشریٰ نذیر، ثمن اسلام شامل ہیں۔ آفیشلز میں محمد اخلاق احمد کوچ ، چاند پروین اور محمد پرویز اسسٹنٹ کوچ جبکہ پروین سکندر گل مینجر ہیں۔