پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے پہلی ویمن لیگ کرانے کا اعلان کر دیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے پہلی پاکستان ویمن فٹ بال لیگ کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ایف ایف ترجمان کے مطابق لیگ اگست 2015ء میں منعقد کی جائے گی۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے اسے پاکستان میں خواتین کے فٹ بال کی ڈویلپمنٹ کے لئے ایک انقلابی قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی رکاوٹ پی ایف ایف کو پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے سفر سے نہیں روک سکتی۔ پی ایف ایف نے اس سے قبل بھی فٹ بال کی ترقی کے لئے کوئی بھی دقیقہ فرو گزاشت نہیں رکھا اور آئیندہ بھی اپنے محدود وسائیل کے باوجود فٹ بال کو پاکستان میں ہر جہت سے ترقی دینے کی انتھک کوشش جاری رکھیں گے۔ سینیٹر روبینہ عرفان نے کہا کہ پی ایف ایف نے کبھی بھی پاکستان میں خواتین کے فٹ بال کی ترقی کو نظر انداز نہیں کیا اور پاکستان وومین فٹ بال لیگ کا اجرا ء اس کی ایک واضح مثال ہے۔ اس سے قبل پی ایف ایف سیکرٹریٹ لاہور میں سینیٹر روبینہ عرفان چیئر پرسن پی ایف ایف ویمن کمیٹی کی سربراہی میںکمیٹی کا ایک انتہائی اہم اجلاس منعقد کیا گیا جس میں قبطیہ جمشید ویمن ایڈمنسٹریٹر پی ایف ایف و کمیٹی کے دیگر اراکین سعدیہ شیخ ممبر کانگریس پی ایف ایف اور تصور عزیز نے شرکت کی۔ اہم فیصلوں کی تفصیل اس طرح ہے۔ پہلی پاکستان وومین فٹ بال لیگ2015 ، اگست میں منعقد کی جائے گی جس میں بلوچستان یونائیٹڈ ویمن ایف سی، واپڈا وومین ایف سی، آرمی وومین ایف سی، ینگ رائزنگ سٹار ویمن ایف سی، پنجاب ویمن ایف سی، ایچ ای سی ویمن ایف سی، دیا ویمن ایف سی اور اسلام آباد فٹبال ایسو سی ایشن ویمن ایف سی شرکت کریں گے۔ پی ایف ایف کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر پالیسی اور این او سی کے مسائل کا جائزہ لیا گیا۔