قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے دوبارہ شروع

لاہور (سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا میں چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ، جنوبی کوریا کے خلاف سیریز اور اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ آج سے باقاعدہ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ کیمپ کے لئے بلائے گئے 36 کھلاڑیوں میں سے اکثریت نے گذشتہ رات ٹیم منیجر و ہیڈ کوچ شہناز شیخ کو رپورٹ کر دی۔ شہناز شیخ کا کہنا ہے تھا کہ وقت کم اور مقابلہ سخت ہونے کی بنا پر کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کسی چیلنج سے کم نہیں ہے۔ بہاولپور میں منعقد ہونے والے نشانہ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کو کھیل کا موقع ملتا رہا ہے۔ کیمپ میں ہماری اولین ترجیح کھلاڑیوں کا فٹنس لیول بہتر کرنا ہے تاکہ کوالیفائنگ راونڈ کے مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ پنجاب حکومت کے مشکور ہیں جنہوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی مالی مشکلات کو دیکھتے ہوئے قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ پر اٹھنے والے تمام اخراجات خود برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شہناز شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی کو حکومتی سپورٹ کی اشد ضرورت ہے جس کے بغیر کھوئے ہوئے اعزازات واپس حاصل نہیں کیے جا سکتے ہیں۔ آج سے شروع ہونیوالے تربیتی کیمپ میں تین روز ٹریننگ ہوگی جبکہ چوتھے روز کھلاڑیوں کو آرام دیا جائیگا۔ کھلاڑیوں کو فیلڈ کے ساتھ ساتھ ویڈیو کی مدد سے بھی ان کی غلطیوں کے بارے میں آگاہ کیا جائیگا۔