دورہ بنگلہ دیش، قومی کرکٹ ٹیم کی آج ڈھاکہ روانگی، پریکٹس میچ پرسوں کھیلا جائے گا

دورہ بنگلہ دیش، قومی کرکٹ ٹیم کی آج ڈھاکہ روانگی، پریکٹس میچ پرسوں کھیلا جائے گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) بنگلہ دیش کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے قومی ٹیم آج کراچی سے ڈھاکہ روانہ ہوگی۔ قومی کھلاڑیوں نے گذشتہ رات کراچی میں ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ کو رپورٹ کر دی۔ ٹیم کی روانگی سے 24 گھنٹے قبل ایک اور کھلاڑی سہیل خان فٹنس مسائل سے دوچار ہو کر سیریز سے آوٹ ہو گیا۔ ٹیم مینجمنٹ نے سلیکشن کمیٹ یکی سفارش پر جنید خان کو بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے لیے بھی ٹیم میں جگہ دیدی جبکہ جنید خان نے ایک بھی روز تربیتی کیمپ میں پریکٹس نہیں کی تھی۔ قومی ٹیم تین ایک روزہ میچوں کی سیریز سے قبل فتح اﷲ میں بی سی بی الیون کے خلاف پریکٹس میچ میں حصہ لے گی جو 15 اپریل کو کھیلا جائیگا۔ سیکورٹی خدشات کی بنا پر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیریز کے زیادہ تر میچز ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم میر پور میں رکھے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے 17 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ دوسرا ون ڈے 19 اپریل کو جبکہ تیسرا میچ 22 اپریل کو کھیلا جائیگا۔