پاکستان کی شمولیت پر بھارت کا ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) بھارت نے ایک بار پھر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی وجہ سے ایشیا کرکٹ کپ کی میزبانی سے انکار کردیا۔ بی سی سی آئی نے اپنے موقف سے ایشین کرکٹ کونسل کو آگاہ کر دیا ہے۔بی سی سی آئی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی موجودگی میں ایشیا کپ کی میزبانی نہیں کر سکتے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی حکام نے اس حوالے سے ایشین کرکٹ کونسل کو بھی آگاہ کر دیا ہے جب کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکرٹری امیتابھ چوہدری کا کہنا ہے کہ آئندہ چار سال تک پاکستان سے دو طرفہ کرکٹ کا کوئی امکان نہیں ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے بھارتی ٹیم کے چار سالہ فیوچر ٹور کے شیڈول میں پاکستان کے ساتھ کوئی بھی سیریز طے نہیں ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کی گورننگ باڈی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیتابھ چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بھارتی حکومت پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی اجازت دیتی ہے تو دو طرفہ کرکٹ کی کوئی صورت حال بن سکتی ہے۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے 2012 کے بعد سے اپنی ٹیم کو پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ کی اجازت دی گئی ہے۔گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بی سی سی آئی کے خلاف سال 2014-15ء کے دوران معاہدے کے باوجود دو طرقہ سیریز نہ کھیلنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں 7 کروڑ ڈالر ہرجانے کی درخواست دائر کی تھی۔پی سی بی کی جانب سے آئی سی سی کو بھیجے گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ کا اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔علاوہ ازیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ جب تک آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان بھارت سیریز کے میچز کو شامل نہیں کیا جائے گا ہمارے لیے تجویز کردہ آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام تسلیم کرنا مشکل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں واضح کیا گیا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کے ساتھ سیریز کا معاملہ آئی سی سی ڈسپوٹ کمیٹی میں لے جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان طے شدہ معاہدے کے تحت طے پانے والی سیریز کے میچز کو نئے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ بنایا جائے۔ معاہدے کے تحت بھارتی کرکٹ ٹیم دسمبر 2019ئ، اگست 2020ئ، اور نومبر دسمبر 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرئے گی جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم نومبر دسمبر 2021ء میں بھارت کا دورہ کرئے گی۔ موجودہ صورتحال میں اگر پی سی بی کا آئی سی سی ڈسپوٹ کمیٹی میں فیصلہ پاکستان کے حق میں آ جاتا ہے تو ان میچز کو نئے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ بنایا جائے۔