دورہ نیوزی لینڈ : قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار
لاہور(سپورٹس رپورٹر) دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نے قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈکو حتمی شکل دے دی ہے۔ انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اوپننگ بلے باز اظہر علی کی ون ڈے سکواڈ میں واپسی کا امکان ہے جبکہ احمد شہزاد صرف ٹی ٹونٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ عماد وسیم کو میڈیکل ٹیم نے کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ کی تشکیل پر قومی سلیکشن کمیٹی، کپتان اور کوچ متفق ہو گئے ہیں۔ قومی ون ڈے ٹیم کا اعلان آئندہ ایک دوروز میں کردیا جائے گا جبکہ ٹی ٹونٹی سکواڈ کا اعلان جنوری کے پہلے ہفتے کیاجائے گا۔