ٹیموں کو سرکاری خرچ پر ایشین گیمز کیلئے بھجوانے کی منظوری

لاہور(چودھری اشرف/ سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے ایشین گیمز کے لئے تین کھیلوں کی تنظیموں کو سرکاری خرچے پر بھجوانے کی منظوری دیدی جس کے بعد دستے کی تعداد125 سے بڑھ کر 142 ہو گئی۔ان کھیلوں میں والی بال، جمناسٹک اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔ فنڈز کی کمی کے باعث ٹیبل ٹینس اور جمناسٹک کے دو دو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا۔ دیگر چار کھیلوں کی تنظیموں فٹبال، آرچری، بیس بال اور رگبی  کو اپنی مدد آپ کے تحت میگا ایونٹ میں کھیلنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ پاکستان سپورٹس بورڈ ان کھیلوں کے تمام کھلاڑیوں کو ٹریک سوٹ اور یونیفارم فراہم کرے گا۔  ذرائع کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈ آج قومی دستے کے لئے این او سی جاری کرے گا تاکہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔