ورلڈ کپ: بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈ کپ: بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(نمائندہ سپورٹس) ورلڈ کپ گروپ ’’بی‘‘ کے میچ میں بھارت نے آئرلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔نیوزی لینڈ کے سڈن پارک ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ میں آئر لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 49ویں اوور میں 259رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔اوپنر ولیم پورٹ فیلڈ اور پال سٹرلنگ نے 15 اووروں میں 89 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ تاہم پندرہویں اوور میں بھارتی سپنر ایشون نے سٹرلنگ کو42کے انفرادی سکور پر آئوٹ کردیا۔آئرش کپتان ولیم پورٹر فیلڈ نے نصف سنچری بنائی تاہم وہ بھی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 67رنز بناکر موہت شرما کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ انکے بعد نیل اوبرائن نے کچھ مزاحمت کی اور 75رنز کی اہم اننگز کھیلی تاہم دوسری طرف سے آئرلینڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 259رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، روی چندرن ایشون نے 2 جبکہ امیش یادیو، سریش رائنا، موہت شرما اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 260 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کی طرف سے روہت شرما اور شیکھر دھون نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ریکارڈ ساز اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔ دونوں نے 174رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جو کسی بھی ورلڈ کپ میں بھارت کی طرف سے سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ تھی۔ روہت شرما 64اور دھون 100رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ان دونوں کے بعد ویرات کوہلی اور راہنے نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچادیا۔ کوہلی 44اور راہنے 33رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں بھارت نے مقررہ ہ ہدف 37ویں اوور میں باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ شیکھر دھون کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ (آج) بدھ کو ایک میچ کا فیصلہ ہوگا۔ میگا ایونٹ میں بدھ کو کھیلنے جانے والے واحد میچ میں پول اے میں شامل ٹیمیں سری لنکا اور سکاٹ لینڈ آسٹریلیا کے مشہور شہر ہوبارٹ کے مقام پر آمنے سامنے ہونگی۔ یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہوگا، پول اے میں سری لنکن ٹیم اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد چھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔