قومی ٹیم کی قیادت کرنا آسان کام نہیں: مصباح الحق

قومی ٹیم کی قیادت کرنا آسان کام نہیں: مصباح الحق

ایڈیلیڈ+لاہور(سپورٹس رپورٹر +نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم نے ایڈیلیڈ میں آئرلینڈ کیخلاف اہم میچ کی تیاریوں کا آغازکردیا، ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کی قسمت کا فیصلہ ایڈیلیڈ کے میدان پرہی ہوگا،قومی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ میں اپنے سفرکا آغازایڈیلیڈ سے ہی کیا تھا لیکن بھارت کے ہاتھوں شکست کے باعث یہ آغازمایوس کن رہا تھا۔ قومی ٹیم نے آخری پول میچ کی تیاریاں شروع کردیں، ایڈیلیڈ کے پیٹرزکالج میں تین گھنٹے پرمشتمل ٹریننگ سیشن میں کھلاڑیوں نے خوب جان ماری۔ انجری کا شکار حارث سہیل نے پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے باؤلنگ ٹریننگ میں شرکت نہیں کی جبکہ فزیکل ٹریننگ میں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ٹریننگ کیمپ میں بلے بازوں کو تیز کھیلنے کی مشق کرائی گئی جس میں کپتان مصباح الحق ، یونس خان ، سرفراز احمد اور عمر اکمل نے شرکت کی۔ آئرلینڈ کیخلاف میچ کیلئے لیگ سپنریاسرشاہ کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ٹیم کی قیادت کرنا آسان کام نہیں، لوگ بلا ضرورت کھلاڑیوں پرتنقید کرتے ہیں جس کا ٹیم پرمنفی اثرپڑتا ہے۔ وہ پوری صلاحیت کیساتھ تیزنہیں کھیل پاتے کیونکہ وہ اکثرایسے مواقعوں پربیٹنگ کیلئے آتے ہیں جب ٹیم مشکلات میں گھری ہوتی ہے۔ وہ ہمیشہ تنازعات سے دوررہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ معاملات کومزید الجھانے کے بجائے ان کا حل تلاش کرنا چاہیے، ان کا مزاج ٹھنڈا ہے ورنہ دودن گزارنا بھی مشکل ہے،  لوگوں کوٹیم سے بڑی توقعات ہوتی ہیں اورجب پوری نہیں ہوتیں تو شدید تنقید کی جاتی ہے جس کا ٹیم پرمنفی اثرپڑتا ہے۔