ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں‘ ایشیا کپ ہارنے کا افسوس ہے: مصباح الحق کی لاہور ائیرپورٹ پر گفتگو

ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہیں‘ ایشیا کپ ہارنے  کا افسوس ہے: مصباح الحق کی لاہور ائیرپورٹ پر گفتگو

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے بعد قومی کرکٹرز کی وطن واپسی کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ پہلے مرحلے میں سات کھلاڑی ڈھاکہ سے کراچی پہنچے جبکہ دوسرے مرحلے میں کپتان مصباح الحق سمیت باقی کھلاڑیوں کی آمد لاہور ہوئی۔ اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فائنل میچ ہارنے کا افسوس ہے تاہم قومی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن ہوں، تمام کھلاڑی نے بھرپور محنت کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایشیا کی وکٹیں فاسٹ باؤلرز کے لئے ہمیشہ ہی سے مشکل رہی ہیں جس پر ہمارے سیمرز  کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ اہم میچز میں پاکستان ٹیم کا فیلڈنگ معیار ناقص رہا ہے خاص طور پر کیچز پکڑنے کے حوالے سے کپتان نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں تمام کھلاڑیوں نے سخت محنت کی بدقسمتی سے ٹائٹل کے دفاع میں کامیاب نہ ہو سکے۔ میری ذاتی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کا ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے پہلے فارم میں آنا ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ میگا ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی جیت کے امکانات روشن ہیں۔ عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کی ڈھاکہ آمد کے حوالے سے قومی کپتان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں نے حوصلہ بڑھایا تھا۔