سٹیٹ بنک گورنرز کپ ٹورنامنٹ آج شروع ہو گا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دسواں سٹیٹ بینک گورنرز کپ سپر سیریز کرکٹ ٹورنامنٹ آج  11 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا جس کے میچز 18 مارچ تک کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں کا تعلق مختلف بینکوں بشمول ایس بی پی بی ایس سی فیلڈ آفسز سے ہے۔ بینکوں نے جو باصلاحیت نوجوان کھلاڑی بھرتی کیے ہیں وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں۔ ہر ریجن کے فائنلسٹ اور پچھلے سال کے فائنلسٹ لاہور کی اس سپر سیریز میں شریک ہیں۔ٹورنامنٹ کا تھیم کرکٹ کو فروغ دینا اور بینکنگ برادری میں صحت مندانہ سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ٹورنامنٹ کے میچز لاہور کے چھ مختلف کرکٹ گراؤنڈز پر کھیلے جائیں گے اور فائنل21 مارچ کو باغ جناح لاہور میں ہوگا۔ سٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر اشرف محمود وتھرامہمان خصوصی ہوں گے۔ واضح رہے کہ سٹیٹ بینک کی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون ٹورنامنٹ 2013-14ء میں شرکت کی تھی۔ سٹیٹ بینک کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پی سی پی کے انٹر ریجنز؍ڈپارٹمنٹس انڈر 19 سہ روزہ اور ایک روزہ ٹورنامنٹ میں شریک ہے۔