ایشیا کپ : قومی کرکٹرز کی پریکٹس ‘کوچ نے غلطیوں سے آگاہ کیا

ڈھاکہ (این این آئی) ایشیا کرکٹ کپ ٹورنامنٹ کے لئے بنگلہ دیش میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے شیر بنگال نیشنل سٹیڈیم ڈھاکہ میں پریکٹس کی۔ ایونٹ کی تیاری کیلئے گرین شرٹس نے پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کوچ ڈیوڈ واٹمور نے کھلاڑیوں کو بیٹنگ پریکٹس کے دوران ان کی غلطیوں سے آگاہ کیا جبکہ ویڈیوز کے ذریعے بیٹسمینوں کو ان کی خامیوں کی نشاندہی بھی کرائی۔ ڈیوڈ واٹمور نے کھلاڑیوں کو فردا فردا ٹپس دیئے، دوسرے سیشن میں کھلاڑیوں کو فیلڈنگ کوچ جولین فونٹین نے طویل فیلڈنگ پریکٹس کروائی اور انہیں ڈائیو لگاکر گیند روکنے کے طریقے بتائے۔ جولین فونٹین نے ہر کھلاڑی پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے انہیں فیلڈنگ بہتر بنانے کے گر بتائے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے تیسرے مرحلے میں بیٹنگ پریکٹس کی۔