پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل میچ کراچی سے لاہور شفٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے سندھ حکومت کے عدم تعاون کی بنا پر پانچویں بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل میچ کراچی سے لاہور شفٹ کر دیا ہے۔ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کے مطابق پانچویں بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے 11 میچز دبئی میں جبکہ 7 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مئی 2017ء سے ہمارے سندھ حکومت کے ساتھ معاملات چل رہے تھے متعدد بار سندھ حکومس سے رابطہ کیا گیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے میگا ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کرنا تھا تاہم سندھ حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے کی بنا پر پنجاب حکومت سے رابطہ کیا گیا جس پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب عامر جان نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ سیکرٹری سپورٹس پنجاب عامر جان کی قین دہانی کے بعد بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل 21 جنوری کو اب لاہور میں ہوگا جبکہ اس سے قبل اس فائنل میچ کو کراچی میں کرانے کی خواہش تھی۔ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بلائنڈ ٹیم کی میگا ایونٹ کے حوالے تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔