پاکستان ‘ سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج ہو گا‘ عثمان شنواری سکواڈ میں شامل

پاکستان ‘ سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج ہو گا‘ عثمان شنواری سکواڈ میں شامل

لاہور+ دبئی (سپورٹس رپورٹر‘ اے پی پی)   پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز  کا پہلا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ  پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے شروع ہوگا۔ ٹی ٹونٹی ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ میں زرعی ترقیاتی بنک کو فائنل میں کامیابی دلانے والے فاٹا کے فاسٹ باولر عثمان خان شنواری کو سری لنکا کے خلاف آج سے شروع ہونے والے دو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کیلئے قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وہ آج دبئی میں ٹیم کو جوائن کرینگے۔ عثمان خان شنواری نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  نوجوان فاسٹ باولر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا ان پر کوئی پریشر نہیں ہے۔ میری پوری کوشش ہوگی کہ اپنی بہترین کارکردگی سے ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کروں۔  وسیم اکرم میرے آئیڈیل ہیں ان کو دیکھ کر ہی باولنگ کرنا شروع کی تھی۔ میری کوشش ہوگی کہ ان کی طرح دنیا میں ملک کا نام روشن کروں۔