ویمنز کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان میکسیکو کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ویمنز کبڈی ورلڈ کپ: پاکستان میکسیکو کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان خواتین کبڈی ٹیم نے ایک اور تاریخ رقم کردی ہے۔بھارتی پنجاب کے شہر مانسا میں کھیلے گئے کبڈی ورلڈکپ کے آخری رائونڈ میچ میں پاکستانی خواتین ٹیم نے میکسیکن گرلز کو بے بس کرتے ہوئے 49-24 سے کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔خواتین کبڈی ٹیم کی کھلاڑیوں نے میچ کے آغاز ہی سے حریف ٹیم پرگرفت مضبوط کرلی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔ میکسیکو کیخلاف کپتان مدیحہ لطیف، نیلم ریاض، سیدہ خانم شاہ، سمیرا ریاض اور سعدیہ نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قومی خواتین کبڈی ٹیم آج  سیمی فائنل معرکے میں میزبان بھارتی ٹیم کے مدمقابل آئے گی۔ بٹھینڈا میں کھیلے جانیوالے سیمی فائنل میں پاک بھارت خواتین ٹیموں کے مابین سخت مقابلے کی توقع ہے۔ قومی کپتان مدیحہ لطیف کا کہنا ہے کہ انہیں پوری ٹیم پر فخر ہے کہ جنہوں نے پہلی بار ورلڈکپ میں شرکت کی اور سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے قوم کا سرفخر سے بلند کر دیا۔ آج بھارت کیخلاف ہونیوالا سیمی فائنل دیکھنے کے قابل ہو گا۔ تمام کھلاڑی بھارت کو اس کی سرزمین پر ہرانے کیلئے بے تاب ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی کبڈی کپ کے مردوں کے سیمی فائنل مقابلے بھی آج کھیلے جائیں گے ، پاکستان آج سیمی فائنل میں امریکہ کے مدمقابل ہوگا جہاں قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔