سہ فریقی سیریز : بھارت 88 پر ڈھیر‘ نیوزی لینڈ 200 رنز سے جیت گیا

دمبولا (این این آئی) سری لنکا میں کھیلی جانے والی سری لنکا، بھارت اور نیوزی لینڈکے درمیان سہ فریقی ایک روزہ سیریزکے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 200 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دےدی۔ بھارتی ٹیم کونوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل نیوزی لینڈ ٹیم نے زبردست شکست دے کر ایک بہت بڑے صدمہ سے دوچار کردیا۔ منگل کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ایک بڑا اپ سیٹ ہو گیا، بھارتی ٹیم اس میدان پر سب سے کم سکور پر آﺅٹ ہونے والی دوسری ٹیم ہے اس سے پہلے 2003 میں انگلینڈ بھی اسی میدان پر سری لنکا کے خلاف 88 رنز پر آﺅٹ ہو گئی۔ بھارت کی 9 وکٹیں 49 رنز کے اندر گر گئیں۔ نیوزی لینڈ کے کپتان روز ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم مقررہ 50 اوروز میں 288 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے کپتان راس ٹیلر نے 113 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 95 جبکہ سٹائرس نے 95 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے ان دونوں کے علاوہ ڈیرل ٹفی نے 19 رنز بنائے۔ بھارت کی طرف سے اشیش نہرا نے 4، پروین کمار نے 3 جبکہ اوجھا اور یووراج سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ بھارت کو کامیابی کیلئے 289 رنز کا ہدف ملا لیکن بھارتی ٹیم بہت بری طرح سے ہدف کے حصول میں ناکام رہی اور کوئی بھی بھارتی بلے باز 20 کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکا۔ بھارت کی طرف سے کارتک اور سہواگ نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ 39 رنز پر گری اور باقی 9 وکٹیں صرف 49 رنز کے اندر اندر گر گئیں۔ بھارت کے پہلے آﺅٹ ہونیوالے کھلاڑی سہواگ تھے وہ 19 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ 39 پر ہی کارتک 14 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، 44 پر شرما 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ 50 پر سریش رائنا 6 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، 53 پر کپتان دھونی 2 رنز بنا کر رن آﺅٹ ہوئے، 62 پر یووراج سنگھ 5 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ 67 پر پروین کمار 1 رن بنا کر آﺅٹ ہوئے، 82 پر متھن، 84 پر جدیجا اور 88 پر آخری کھلاڑی نہرا آﺅٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹفی نے تین کیل ملز اور جیکب اورم نے 2-2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ حالیہ سالوں میں یہ بھارتی ٹیم کی سب سے شرمناک شکست ہے۔ بھارتی ٹیم اس میدان پر اس سے قبل 18 اگست 2008 کو سری لنکا کے خلاف 146 رنز پر آﺅٹ ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان روزٹیلر کو 95 رنز کی شاندار اننگز پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔