ریسکیو1122 کے زیراہتمام گلاسگو،لاہورسائیکل ریلی کااہتمام

لاہور( سٹاف رپورٹر) ممبرسکاٹش پارلیمنٹ حنظلہ ملک کی قیادت میں پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) اور چلڈرن ہسپتال لاہور کے زیر اہتمام گلاسگو،لاہور سائیکل ریلی کااہتمام کیاگیاجس کامقصد چلڈرن ہسپتال، لاہوراوریارک ہل، رائل ہسپتال فارچلڈرن،گلاسگوکے درمیان ہونیوالے ایم او یو کی روشنی میں بچوں میں بڑھتی ہوئی بیماریوں کی روک تھام کیلئے فنڈ ریزنگ اور لوگوں میں آگاہی مہم کوفروغ دیناتھا۔ریلی کی قیادت حنظلہ ملک، ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹررضوان نصیر، ڈین چلڈرن ہسپتال، لاہور ڈاکٹرمسعود صادق اور دیگرمعروف شخصیات نے کی جس میں سو سے زائد سائیکلسٹ نے شرکت کی، شرکاء نے اپنی اپنی سائیکلوں پرمختلف پلے کارڈ آویزاں کررکھے تھے جن پربچوں میں بیماریوں کی روک تھام اور آگاہی مہم کے نعرے درج تھے۔ ریلی کاآغاز بھٹہ چوک، لاہور سے ہوا، جو عسکری ٹین، شیرپائو برج، کینال، مسلم موڑپرواقع سنٹرل ریسکیو سٹیشن سے ہوتی ہوئی کلمہ چوک پراختتام پذیرہوئی۔ جہاں سے سینکٹروں بچوں، نرسز، ڈاکٹرز اور ریسکیورز نے واک کااہتمام کیاجو کلمہ چوک سے ہوتی ہوئی چلڈرن ہسپتال، لاہورپراختتام پذیرہوئی۔ حنظلہ ملک نے کہا کہ پرامن ریلی کاانعقاد کرکے انہوں نے یہ ثابت کردیاہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے جسے دہشت گردی کالیبل لگاکرداغدارنہیں کیاجاسکتا۔ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹررضوان نصیرنے کہا کہ سائیکل ریلی میں کمیونٹی ممبرز کی شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ اُنہیں بچوں کی بیماریوں جیسے حساس مسائل کااحساس ہے۔ بچوں میں 40فیصد سے زائید بیماریاں صاف پانی میسرنہ ہونے کی وجہ سے ہوتی ہیں۔