بگ تھری منصوبے کی منظوری بورڈ کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے ہوئی : نجم سیٹھی

  لاہور(آئی این پی)پاکستان کرکٹ بورڈ کی عبوری انتظامی کمیٹی کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ بگ تھری منصوبے کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ کی غلط حکمت عملی کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ایسا لگ رہا ہے کہ آئی سی سی میٹنگ میں پاکستان تنہائی کا شکار ہوگیا۔ہمیں معلوم تھا کہ جنوبی افریقاکرکٹ بورڈ پر بھارت کا اثر و رسوخ ہے پی سی بی کو ان معاملات سے آگاہ رہتے ہوئے بگ تھری کے معاملات طے کرنے چاہیے تھے۔ بگ تھری کے منصوبے کے بعد پاکستان مزید عالمی تنہائی کا شکار ہوگیا ہے۔پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی اب ایک خواب ہی ہوگا۔ پی سی بی کے اندرونی معاملات کے الجھاؤ کے باعث بورڈ کسی ٹھوس حکمت عملی کو بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔  بگ تھری منصوبہ عالمی اور پاکستان کرکٹ کی مزیدتباہی کا باعث بنے گا۔