بنگلہ دیش کا دورہ آسان نہیں‘ کھلاڑی اچھے نتائج دینگے: سرفراز احمد

بنگلہ دیش کا دورہ آسان نہیں‘ کھلاڑی اچھے نتائج دینگے: سرفراز احمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے بازسرفراز احمد نے دورہ بنگلہ دیش میں میزبان حریف کو مشکل قرار دے دیا۔ انہوں نے بنگالی ٹائیگرز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تربیتی کیمپ میں کھلاڑی یک جان ہو کر جیت کے جذبے سے محنت کر رہے ہیں اور انشااللہ کامیابی حاصل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیم سنیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا کمبنیشن ہے۔فواد عالم ،اسد شفیق اور رضوان جسے پلیئر کی واپسی خوش آئیند ہے ۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش ٹیم کو آسان تصور نہیں کر رہے اسے ہوم گراؤنڈ میں ہرانا ایک مشکل کام ہوگا۔ دورہ بنگلہ دیش کی تیاریوں پر قومی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کے نائب کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کپتان اظہر علی کے ساتھ اچھی دوستی ہے اور انہیں بطور کپتان سب کھلاڑیوں کا اعتماد حاصل ہو گا۔ تربیتی کیمپ میں تمام کھلاڑی سخت محنت کر رہے ہیں جبکہ فیلڈنگ کے شعبے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ صرف اوپنر ہی نہیں بلکہ کسی بھی نمبر پر کھیل سکتا ہوں اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ جو بھی فیصلہ کریگی اس پر عمل کروں گا۔ نومنتخب نائب کپتان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں جیت کے لئے تمام کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی ۔ان کا کہنا تھا کہ فٹ نس کا کوئی مسئلہ نہیں دورہ بنگلہ دیش میں اچھی وکٹ کیپنگ اور بلے بازی کے ذریعے پاکستان کو فتح دلانا میرا ٹارگٹ ہے اور یہی سوچ لیکر جا رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بیک اپ وکٹ کیپر کی تعیناتی پی سی بی کا اچھا فیصلہ ہے اس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میںمتبادل کھلاڑی دستیاب ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان کی ٹیم میں شمولیت سے مقابلے کی فضا پید اہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ نائب کپتان کی ذمہ داریاں ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور میری اولین کوشش ہو گی کہ بورڈ نے جو ذمہ داری سونپی ہے اس پر پورا اتروں۔سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مصباح الحق اوردیگر سینئر کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے مشکل کا سامنا ضرور ہوگا مگر کوشش ہو گی کہ ٹیم ورک سے جیت کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔