کمپیوٹر فن گیمز، 1400 نوجوانوں کی شرکت

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول کے تحت جہاں کھیل کے میدانوں میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے میں مصروف ہیں وہیں کمپیوٹرز ویڈیو گیمز میں بھی نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے ایونٹ کو چار چاند لگا دئیے۔ پی ایس بی جمنیزیم میں شروع ہونیوالے کمپیوٹرز فن گیمز کے افتتاحی روز پہلے رائونڈ میں 1400نوجوانوں نے فٹبال ویڈیو گیم فیفا 13، کمپیوٹر کارریسنگ اور شوٹنگ گیم میں حصہ لیا۔ پہلے رائونڈ کے اختتام پر فیفا 13فٹبال ویڈیوگیم میں300 کار ریسنگ میں 150، شوٹنگ گیم میں 250 نوجوانوں نے اگلے مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کمپیوٹر ویڈیو گیمز کے مقابلے آج اتوار کو شام سات بجے اختتام پذیر ہونگے۔