حمزہ اکبر‘ اسجد اقبال‘ سہیل شہزاد‘ آصف ٹوبہ‘ قومی سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

کراچی (سپورٹس رپورٹر) دفاعی چیمپئن حمزہ اکبر ، اسجد اقبال ، سہیل شہزاد اور محمد آصف ٹوبہ نے39 ویں نیشنل سنوکر چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، کوارٹر فائنل میں کئی اپ سیٹ مقابلے دیکھنے کو ملے۔سابق ورلڈ چیمپئن محمد آصف، چیمپئن شپ کے نمبرون سیڈ عمران شہزاد، نمبر پانچ عبدالستار اور محمد بلال شکست کے بعد ایونٹ سے آئوٹ ہوگئے۔ پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے زیراہتمام کراچی جیم خانہ میں جاری نیشنل سنوکر چیمپئن شپ میں ہفتہ کے روز بیسٹ آف نائن فریم پر مشتمل کوارٹر فائنل میں سندھ کے کوالیفائز پلیئر سہیل شہزاد نے چیمپئن شپ کے نمبرون سیڈ پنجاب کے عمران شہزاد کو5-2کے فریم سے اپ سیٹ شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنالی، پنجاب کے کوالیفائز پلیئر محمد آصف ٹوبہ نے چیمپئن شپ میں اپنے بہترین کھیل کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے نمبرسات سیڈ پنجاب کے محمد بلال کو5-2 کے فریم سے مات دیکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ۔ دفاعی چیمئپن پنجاب کے حمزہ اکبر نے سابق ورلڈ چیمپئن پنجاب کے محمد آصف کو 5-3کے فریم سے شکست دیکر اپنے ٹائٹل کے لئے پیش قدمی کو تیز کردیا ہے۔ پنجاب کے اسجد اقبال نے نمبرپانچ سیڈ سندھ کے عبدالستار کو 5-3 کے فریم سے شکست دیدی۔ ان کوارٹر فائنل میں سہیل شہزاد نے  (82) اور حمزہ اکبر نے89) (کا بریک سکور بنایا۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے اتوار کے روز کھیلے جائیں گے جس میں بیسٹ آف 11 فریم پر مشتمل سیمی فائنل میں سندھ کے سہیل شہزاد کا سامنا پنجاب کے محمد آصف ٹوبہ سے اوردفاعی چیمپئن پنجاب کے حمزہ اکبر کا مقابلہ پنجاب کے اسجد اقبال سے ہوگا۔دونوں مقابلے صبح10.00 بجے کھیلے جائیں گے۔ فائنل پیر10 مارچ کو کھیلا جائے گا۔