قومی کرکٹرز کو آرمی ریلیف کیمپس میں بھیجتے رہیں گے : انتخاب عالم

قومی کرکٹرز کو آرمی ریلیف کیمپس میں بھیجتے رہیں گے : انتخاب عالم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکڑ اورکپتان پاکستان کرکٹ ٹیم انتخاب عالم نے  پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اظہار یکجہتی کے لئے قذافی سٹیڈیم میں قائم آرمی ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انتخاب عالم جو کہ اِن دِنوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہیں، نے دہشت گردی کے خلاف جا ری حا لیہ جنگ میںمسلح ا فواج اورعوام کے جذبہ ایثار و قربانی کو مثالی قرار دیا اور کہا کہ پوری قوم اِس وقت ملک میں اِمن و استحکام کے لئے متحد ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ آزمائش کی اِس گھڑی میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو شمالی وزیر ستان سے نقل مکانی کرنے والوںکے لئے جاری امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نقل مکانی کرنے والے افراد کی فلاح و بہبود کیلئے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کوآرمی ریلیف کیمپس پر بھیجتا رہے گا ۔اپنے درمیان سابق کرکٹ ہیرو کو آرمی ریلیف کیمپ میں موجود پا کرفوجی آفیسرز اور جوانوں نے خوشی کا اظہار کیا اور انتخاب عالم کے جذبہ  خیرسگالی اور اظہار یکجہتی کو بے حد سراہا۔اس موقع پر فلاحی تنظیم پاک ہیلپ لائن کی طرف سے 14لاکھ روپے کا ایک چیک اس کار خیر کے لئے بطور عطیہ پیش کیا گیا ۔