جوہر بارو ہاکی ٹورنامنٹ، قومی جونیئر ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے شروع ہو گا

لاہور (نمائندہ سپورٹس) ملائیشیا میں کھیلے جانیوالے جوہر بارو ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے  جونیئر قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ 15 اگست سے شروع ہو گا۔ تربیتی کیمپ میں 32 یا 34 کھلاڑیوں کو طلب کیا جائیگا۔ 15اگست سے شروع ہونیوالے اس کیمپ کیلئے مقام کا فیصلہ ابھی نہیں کیا جا سکا۔ جونیئر ٹیم کے کوچ ریحان بٹ کا کہنا ہے کہ کراچی میں لگنے والے کیمپ میں ہم نے ملک بھر سے 57 کھلاڑیوں کو طلب کیا تھا۔ دوسرے مرحلے میں شارٹ لسٹ کرکے کھلاڑیوں کی تعداد 32 یا 34 کر دی جائیگی۔ دوسرے مرحلے میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے بالخصوص اہداف مقرر کئے جائیں گے۔ ریحان بٹ کا کہنا تھا کہ ہمارا سب سے بڑا مقصد 2016ء کے عالمی کپ کیلئے ایک مضبوط ٹیم کی تشکیل ہے جس کیلئے ہم بھرپور کوشش کریں گے اور تمام باصلاحیت سڑکوں کو بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ جونیئر ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ دوسرے مرحلے میں لگنے والے تربیتی کیمپ کے دوران سینئر ٹیم کے ساتھ پریکٹس میچز بھی کھیلے جائیں گے۔