پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر مایوس نہیں : ذکاءاشرف

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر مایوس نہیں : ذکاءاشرف


لاہور (نیوز ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاءاشرف نے کہا کہ میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر مایوس نہیں ہوں‘ جس طرح ہم نیک نیتی اور محنت سے کام کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جب بھارتی اور بنگلہ دیشی ٹیموں کے علاوہ دیگر ٹیمیں پاکستان آئیںگی‘ آئی سی سی نے بھی پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے تعاون کا یقین دلایا ہے‘ پاک بھارت سیریز بھی ہماری کامیابیوں کا بہت بڑا ثبوت ہے۔ اپنے ایک انٹریو کے دوران چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی ٹیموں کیلئے کسی بھی قسم کے سکیورٹی خدشات نہیں اور ہم نے بھارت اور بنگلہ دیش تمام غیر ملکی ٹیموں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ان کو پاکستان میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہم ابھی تک مایوس نہیں ہوئے بلکہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ وہ دن دور نہیں جب بھارت اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ممالک کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریںگی۔