دورہ پاکستان کی یقین دہانی نہیں کرائی : بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

دورہ پاکستان کی یقین دہانی نہیں کرائی : بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ


ڈھاکہ (نیوز ایجنسیاں) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ واضح کیا ہے کہ اس نے پی سی بی کو دورہ پاکستان کے بارے میں کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان نئی دہلی میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میں پی سی بی اوربی سی بی کے سربراہان کے درمیان بات چیت میں باہمی سیریز کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔ لیکن بنگلہ دیش نے دورہ پاکستان کے حوالے سے کسی قسم کی یقین دہانی نہیں کرائی ہے۔ بی سی بی کے ترجمان جلال یونس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتا یا کہ بی سی بی کے صدرناظم الحسن نے ذکا اشرف کویہ یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ کوالالمپورمیں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد وطن واپسی پر بورڈ کی ایڈہاک کمیٹی کے ارکان سے دورہ پاکستان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کریں گے لیکن فی الحال اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ جلال یونس نے کہا کہ دونوں بورڈزآپس میں رابطہ رکھتے ہوئے دورے کے مناسب وقت کا تعین کریں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ بنگلہ دیش پریمئرلیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شرکت پر بھی بات ہوئی ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین نے اس پر انکارکیا ہے نہ اقرار۔ بی سی بی ان کے جواب کا منتظر ہے۔