پی سی بی نے وائی ٹی ٹی گروپ کی وژن 2020ء سٹرٹیجک پالیسی مسترد کر دی

پی سی بی نے وائی ٹی ٹی گروپ کی وژن 2020ء سٹرٹیجک پالیسی مسترد کر دی

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے (وائی ٹی ٹی گروپ) کی طرف سے وژن 2020 سٹریٹجک پالیسی کو گورننگ بورڈ کے اراکین نے رد کردیا۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کے چند روز قبل ہونیوالے گورننگ بورڈ کے اجلاس میں نجی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنیوالے چند نوجوانوں کی طرف سے وژن 2020 کا منصوبہ مبہم ناقابل سمجھ و ناقابل عمل ہونیکی وجہ سے گورننگ بورڈ کے اراکین کی اکثریت نے مسترد کردیا۔ تفصیلات کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں سٹرٹیجک پالیسی بنانے کے لئے قائم کردہ کمیٹی کے سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا امجد حسین بھٹی کی انتہائی کمزور پریذینٹیشن نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ مصدقہ ذرائع کے مطابق امجد بھٹی گورننگ بورڈ کے ممبران کو کچھ سمجھانے اور مناسب انداز میں بتانے میں ناکام رہے۔ اراکین نے اس منصوبے کو تیار کرنیوالوں پر خاصی برہمی کا اظہار کیا۔ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے معتمد خاص امجد حسین بھٹی کو بچانے اور ان کے آئیڈیاز کا دفاع کرنے کی پوری کوشش کی لیکن سٹریٹجک پالیسی کے سربراہ نجم سیٹھی کی اخلاقی حمایت کے باوجود بھی متاثر کن دلائل دینے میں ناکام رہے۔