پاکستانی کرکٹرز کا فٹنس معیار دنیا میں سب سے بدتر ہے : شہریار

پاکستانی کرکٹرز کا فٹنس معیار دنیا میں سب سے بدتر ہے : شہریار

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی فٹنس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے فٹنس کا معیار دنیا میں سب سے بدتر ہے۔صرف مصباح الحق اور یونس خان فٹنس کے عالمی معیار پر کسی حد تک پورا اترتے ہیں۔  فوری طور پر تو اقدامات نہیں کیے جا سکتے کیونک آہستہ آہستہ فٹنس کا کلچر بنانا پڑے گا۔ہماری کوئی بھی فرسٹ کلاس ٹیم ڈومیسٹک کرکٹ کے فٹنس کے کم از کم معیار پر بھی پورا نہیں اترتی جس کی وجہ سے قومی ٹیم کے انتخاب میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے، فٹنس میں ہمارا گریڈ 10 ہے جبکہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں کا 14 ہے، ہمیں بنگلہ دیش میں فرق صاف نظر آیا، وہ فٹ تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے پاکستانی ٹیم سے دس منٹ کی تقریر کی اور اس دوران سیریز کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کا بھی عندیہ دیا۔ شہریار خان نے کہا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی پر تحفظات ہیں اور میں اس ناکام دورے کی وجوہات جاننے کے لئے کوچ، منیجر اور کپتان سے بات چیت کروں گا، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دورے کے بعد ساتھ بیٹھ کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔