میرپور ٹیسٹ: اظہر کی ڈبل‘ اسد کی سنچری‘ پاکستانی اننگز 557 پر ڈکلیئر

میرپور ٹیسٹ: اظہر کی ڈبل‘ اسد کی سنچری‘ پاکستانی اننگز 557 پر ڈکلیئر

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں  پاکستان کی  پوزیشن مضبوط ہو گئی جبکہ بنگلہ دیش پر فالو آن کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔بنگلہ دیش نے پانچ وکٹوں  پر107رنز بنالئے اور فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 251رنز درکار ہیں ۔پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن 323 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز شروع کی تو اسی مجموعے پر شکیب الحسن نے کپتان مصباح الحق کی وکٹیں بکھیر دیں، وہ صرف نو رنز بنا سکے۔اسد شفیق اور اظہر نے نچویں وکٹ کیلیے 207 رنز کی شراکت قائم کی۔اظہر علی نے دو چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے 226 رنز کی خوبصورت اننگزکھیلی۔اسد شفیق 107 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ آؤٹ ہونیوالے دیگر بلے بازوں میں وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل تھے۔چائے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے آٹھ وکٹ کے نقصان پر 557 رنز بنائے تھے اور کپتان مصباح نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو پہلے ہی اوور میں گزشتہ میچ میں ڈبل سنچری بنانے والے تمیم اقبال جنید خان کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔اس موقع پر امرالقیس اور مومن الحق نے سکور کو 38 تک پہنچایا لیکن مومن ایک کی گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔قیس اور محموداللہ کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 31 رنز کی شراکت ہوئی لیکن قیس یاسر شاہ کے پہلے اوور میں خوبصورت گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اگلی ہی گیند پر شکیب نے یاسر کی گیند کو کٹ کیا جو سیدھی سلپ میں کھڑے یونس خان کے پاس گئی لیکن وہ اسے پکڑنے میں ناکام رہے۔سکور 85 تک پہنچا تو وہاب ریاض نے محموداللہ کو پویلین لوٹنے پر مجبور کردیا۔اس کے بعد مشفیق اور شکیب نے سنبھل کر بلے بازی شروع کی تاکہ دن کے اختتام تک مزید کسی اور نقصان سے بچا جا سکے لیکن آخری اوور میں یاسر شاہ کی خوبصورت گوگلی پر حریف کپتان اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔اس کے ساتھ امپائرز نے کھیل کے اختتام کا اعلان کردیا جہاں بنگلہ دیش نے پانچ وکٹ کے نقصان پر 107 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی جانب سے جنید خان اور یاسر نے دو دو جبکہ ایک وکٹ وہاب کے نام رہی۔بنگلہ دیش کو فالو آن سے بچنے کے لیے 251 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی پانچ وکٹیں باقی ہیں۔