سکیورٹی وفد واپس‘پاکستان زمبابوے کے درمیان کرکٹ سیریز کا معاہدہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)  زمبابوے کرکٹ ٹیم کا سکیورٹی وفد وطن واپس چلا گیا‘پاکستان اور زمبابوے کے درمیان رواں ماہ لاہور میں پانچ میچوں کی سیریز کا باقاعدہ ایم او یو سائن ہو گیا۔ مہمان ٹیم 19 مئی کو پہنچے گی۔ مہمان ٹیم نیشنل کرکٹ اکیڈمی کی بجائے فائیو سٹار ہوٹل میں قیام کرے گی جبکہ دورہ مکمل ہونے کے بعد پاکستان ٹیم اپنا جوابی دورہ زمبابوے اگست میں کرئے گی جس میں تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے علاوہ دو ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جائیں گے۔مہمان ٹیم 19 مئی کو لاہور پہنچے گی۔ پہلا ٹی ٹونٹی میچ 22 مئی کو دوسرا 24 مئی کو کھیلا جائیگا۔ سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 26 ، دوسرا 29 جبکہ تیسرا اور آخری میچ 31 مئی کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ لاہور میں شدید گرمی ہونے کی وجہ سے تمام ون ڈے میچز ڈے نائٹ کھیلے جائیں گے۔