پاکستان کے عقیل خان، شہزاد خان مینز ڈبلز کے فائنل میں پہنچ گئے

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) سید دلاور عباس پی ٹی ایف کمپلیکس میں جاری سیرینا ہوٹلز آئی ٹی ایف فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز اور ڈبلز کے کوارٹر فائنل اور سیمی فائنل کھیلے گئے۔ مینز ڈبلز کے سیمی فائنل میں پاکستان کے عقیل خان اور شہزاد خان نے ٹورنامنٹ کی ٹاپ سیڈ جوڑی سپین کے پیری ریبا اور فرانس کے لوکا پیلووک کو 6-4, 6-4 سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ جمعرات کو مینز سنگلز کے کوارٹر فائنل میچوں کا بھی فیصلہ ہوا جس میں پاکستان کے واحد کھلاڑی سامر افتخار ایک سخت مقابلے کے بعد سپین کے کھلاڑی پیری ریبا سے ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ دیگر کوارٹر فائنل میچز میں روس کے ایوان نیڈپلکو نے آسٹریا کے پیٹرگولڈ سٹیز کو‘ روس کے کرسٹین لوزان نے یوکرائن کے الیگزینڈر لییڈائن کو‘ روس کے شیلوا ڈیزنیشیا نے سپین کے ڈیوڈ پیرز سینز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔