تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لوں گا، یاسر شاہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) لیگ سپنر یاسر شاہ نے بھارتی ٹیم اور ان کے کپتان ویرات کوہلی کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں میں کھیلنے اور عمدہ کارکردگی دکھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی ’گگلی‘ اور ’فلِپر‘ پر سخت محنت کر رہے ہیں اور پْر امید ہیں کہ اس کی مدد سے وہ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔یاسر شاہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے اپنے ہر میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور پْر امید ہوں کہ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لوں گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کی فٹنس کو ترجیحی بنیادوں پر رکھنے اور کھلاڑیوں کے لیے یو یو ٹیسٹ متعارف کرانے پران کا کہنا تھا کہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی سے آئے ہیں اور وہاں پر کھلاڑیوں کی فٹنس کا خیال رکھنے کے لیے سہولیات مہیا نہیں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ابتداء میں اپنے مطلوبہ اہداف حاصل نہیں کر سکتے تھے تاہم جب انہیں سہولیات ملیں اور انہوں نے اپنے فٹنس ٹیسٹ دیئے تو انہوں نے وہ پاس بھی کیے۔ ایک سوال کے جواب میں لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔